کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ سرمایہ دارانہ نظام میں سب سے زیادہ استحصال مزدور کا ہوراہا ہے،حالیہ کمرتوڑمہنگائی کے طوفان سے بھی محنت کش طبقہ ہی سخت متاثر ہورہا ہے۔اسلامی نظام کے قیام سے ہی محنت کشوں سمیت ہرفرد کو انصاف میسر ہوگا۔محنت کش طبقے کو اپنے حقوق کے لیے ایک پلیٹ فارم پر منظم ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔کراچی سمیت ملک کی تعمیر ترقی مین محنت کش طبقے کا بڑا کردار ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں این ایل ایف پاکستان کے سابق صدر اوروی ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر محمد شفیع ملک سے بات چیت کے دوران کیا۔ پروفیسر شفیع ملک نے امیر صوبہ کو ٹریڈ یونین این ایل ایف سمیت مزدورتحریک کے حوالے سے وی ٹرسٹ کی خدمات سے آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ وی ٹرسٹ کے تحت مزدور رہنمائوں اور محنت کشوں کیلئے تربیتی اور تعلیمی ورکشاپس اور سیمینار ز ، مذاکروں، مشاعروں اور دیگر اہم تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔یہاں کانفرنسوں اور بین الاقوامی سیمینارز کا انعقاد بھی ہوتا ہے۔امیرصوبہ محمد حسین محنتی نے کہاکہ اسلامی نظام معیشت ایک متوازن اور منصفانہ نظام معیشت ہے ۔ آج کے اس دور میں سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف خود مغرب آواز بلند کر رہا ہے جس نے انسانوں میں امیر کو امیر تر اور غریبوں کو غریب تر بنا دیا ہے۔ اس ظالمانہ وبدترین قسم کی مادہ پرستی نے دنیا میں عالمی اقتصادی بحران پیدا کیا ہے۔ مغرب کے سرمایہ دارانہ نظام جس کی بنیاد میں ذاتی منفعت اور مادہ پرستی کے ساتھ غریبوں پر ظلم ہے اس نظام نے چند خاندانوں کو نواز کر دولت و معاش کے وسائل سمیٹ کر ایک مخصوص طبقے میں محدود کر رکھے ہیں جس سے معاشرہ میں استحصال کے ذریعے نچلے طبقے کے کاشتکاروں، مزدوروں اور میڈیم کلاس کے تاجروں کو مفلسی قلاشی اور محرومی میں دھکیل کر دو طبقات کی بنیاد رکھی دی ہے۔صوبائی امیرنے پروفیسر شفیع ملک کی زیرقیادت پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ (وی ٹرسٹ)کے تحت ٹریڈیونین ومحنت کشوں کو منظم ومضبوط کرنے کے کے حوالے سے انکی سرگرمیوں کی تحسین کی۔#