مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں 26مقامات پر این آئی ائے کے چھاپے


 سری نگر— بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں 26مقامات پر چھاپے مارے اور ایک شخص کو گرفتار جبکہ متعدد سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے نے ضلع بارہمولہ میں متعدد مقامات پرچھاپے مارے۔ اس نے سانگری کالونی بارہمولہ میں مولوی محمد اقبال بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا اور چھاپے کے دوران کچھ دستاویزات اپنے قبضے میں لیں۔این آئی اے نے ٹنگمرگ کے علاقے ریشی پورہ میں فاروق احمد وانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جو جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔

این آئی اے نے کہا کہ پلوامہ اور رامبن میں بھی چھاپے مارے گئے اور کئی مشتبہ افرادکو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیاگیا ہے۔دریں اثنا این آئی اے نے بھارتی ریاستوں آسام، مہاراشٹر، اتر پردیش اور دہلی میں بھی متعددمقامات پرچھاپے مارے اور شیخ سلطان صلاح الدین ایوبی عرف ایوبی کو گرفتارکیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملزم کو این آئی اے کی خصوصی عدالت پٹیالہ ہاؤس، نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔ این آئی اے نے بھارتی ریاست آسام کے علاقے گولپارہ، مہاراشٹراکے علاقوں اورنگ آباد، جالنا اور مالیگاؤں، اتر پردیش کے علاقوں میرٹھ اور سہارنپور اور دہلی میں چھاپے مارے۔