مقبوضہ جموں وکشمیر، آسام اورجھارکھنڈ میں3 بھارتی فوجیوں کی خود کشی


سری نگر:مقبوضہ جموں وکشمیر، آسام اورجھارکھنڈ میں3 بھارتی فوجیوں نے خود کشی کر لی ۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے بہروٹ بالاکوٹ میں تعینات بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار  دی۔

خودکشی کرنے والے فوجی اہلکار کی شناخت بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے کافرہ الموڑہ کے رہائشی منیش بشت کے طور پر ہوئی ہے۔ قابض حکام نے بتایا کہ منیش نے اپنے سروس ہتھیار سے خود کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

ادھر  سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جس کی شناخت جادھو اتول ہری کے نام سے ہوئی ہے،شورش زدہ ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی کے مضافاتی علاقے رانی میں واقع کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کراپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔بھارتی حکام کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار اپنے کوارٹر میں خون میں لت پت پایا گیا جس کی رائفل اس کے پہلو میں تھی۔ اس نے خود کو سر میں گولی مارد ی تھی۔

ایک اور واقعے میں شورش زدہ ریاست جھارکھنڈ میں ضلع دھنباد کے علاقے لیاکڈ میں قائم کیمپ میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کا ایک کانسٹیبل جس کی شناخت 24سالہ آکاش کمار کے طور پر ہوئی ہے، پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔چرکنڈا پولیس اسٹیشن کے انچارج افسر رام جی رے نے بتایاکہ اسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے کیونکہ اس نے اپنے پیچھے کوئی نوٹ نہیں چھوڑا تھا۔