عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین

صوابی(صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی انتہا کو پہنچ چکی ہے لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی انتہا کو پہنچ چکی ہے، حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے، صوبے کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پسماندہ رکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پختون سرزمین پر بین الاقوامی قوتیں اور ان کے  سہولت کار دہشت گردی کا کاروبار کررہے ہیں، ہمارے خون سے کھیل کر دہشت گردی کی آڑ میں ڈالرز کے لیے راستہ ہموار کیا جاتا ہے۔افتخارحسین نے کہا کہ صوبائی حکومت کبھی پنجاب تو کبھی اسلام آباد پر چڑھائی میں مصروف ہے، حکومت اٹھارہویں آئینی ترمیم، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی ایوارڈ کو بھول چکی ہے، پچھلے 11 برس سے خیبر پختونخوا میں ان کی سیاست جلا، گھیرا اور لڑنے، جھگڑنے تک محدود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور حکومتی غفلت کی وجہ سے پختونخوا تنا واورانتشار کا شکار ہے، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت غفلت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات کو سنبھالنے میں مرکزی اور صوبائی حکومت دونوں ناکام ہوچکے ہیں، حالات کو سدھارنے کے لیے پارلیمان، پشتونوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے