مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو سنگین خطرہ لاحق ہے.کل جماعتی حریت کانفرنس

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی حیثیت کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے اگست2019کے بعد مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منظم طریقے سے آبادیاتی تبدیلی کی راہ ہموار کر رہا ہے ، مقبوضہ علا قے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیری بھارتی ہندوں کو بڑے پیمانے پر علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دیے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کا بنیادی مقصد ہی کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو انکی جائیدادوں ، ملازمتوں ، وسائل سمیت سب کچھ سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میںجاری مودی حکومت کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے