بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین بینظیر نشوونما پروگرام کی توسیع کیلئے دو سالہ معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(صباح نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی )ور اقوام متحدہ کے  ورلڈ فوڈ پروگرام(ڈبلیو ایف پی )نے بینظیر  نشوونما  پروگرام کی توسیع  کیلئے  اپنی شراکت داری میں مزید دو سال  کا اضافہ کیا  ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کوبی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں تقریب  منعقد ہوئی جس میں  چیئرپرسن بی آئی ایس پی  سینیٹر روبینہ خالد کی موجودگی میں سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد اور ڈبلیو ایف پی کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ محترمہ کوکو اوشیاما نے معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا ۔

یہ تعاون پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے کی اہم ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں پانچ سال سے کم عمر کے تقریبا 40% بچے ناقص غذائیت کی وجہ سے غذائی کمی  کا شکار ہیں۔بینظیر نشوونما پروگرام کا مقصد مستحق گھرانوں سے تعلق رکھنے والی  حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین (PLW) اور ان کے دو سال سے کم عمر کے بچوں  کو اضافی نقد امداد فراہم کرکے غذائی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔ خواتین اور بچوں میں 2,500  روپے میں فی سہ ماہی جبکہ بچیوں میں   3،000 روپے فی سہ ماہی تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس موقع  پر سینیٹر روبینہ خالد نے اس نئے معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ملک میں غذائی قلت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ “حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ ڈبلیو ایف پی کے ساتھ اس اہم شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر فخر ہے۔

بینظیر نشوونما پروگرام کے ساتھ ہماری وابستگی غیر متزلزل ہے اور ہم اس کی رسائی اور تاثیر کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں ہر بچے کو زندگی میں ایک صحت مند آغاز کا موقع ملے جو کہ روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔” معاہدے کا پہلا مرحلہ جون 2024 میں ختم ہوااور دوسرے مرحلے کے تحت یہ پروگرام 562 سہولت مراکز کے ساتھ 157 اضلاع کا احاطہ کرے گا۔ WFP منظور شدہ ڈیزائن اور پروٹوکول کے بعد معیار پر زیادہ توجہ کے ساتھ پروگرام  کے نفاذ  کو  جاری رکھے گا۔ دوسرا مرحلہ دو سال تک چلے گا جو جون 2026 میں اختتام پذیر ہو گا۔دستخط کی تقریب کے اہم شرکا میں محترمہ راتھی پال کرشنن، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر؛ پروگرام کے سربراہ مسٹر ایرک کینیفک؛ سپلائی چین کی سربراہ محترمہ ری ایشی، ؛ پروگرام پالیسی آفیسر محترمہ میمونہ غفار، ؛ ہیڈ آف نیوٹریشن ڈاکٹر یاسر احتشام، ؛ پروگرام پالیسی آفیسر، نیوٹریشن ڈاکٹر عاصمہ بدر، ؛ نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر اعجاز حبیب، ، ڈبلیو ایف پی ،کے پی آفس اور احمد حسن، پروکیورمنٹ آفیسر  بھی موجود تھے۔ نئے دو سالہ معاہدے پر باضابطہ دستخط 28 اگست 2024 کو روم میں WFP کی اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے پارٹنرشپ اینڈ انوویشن محترمہ رانیا دگاش کمارا اور سیکرٹری BISP  عامر علی احمد کے درمیان ہوئے تھے۔