صدر زرداری کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو متوفی ملازم کے بیٹے کی ایک ماہ میں تقرری کی ہدایت

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آصف علی زرداری کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو متوفی ملازم کے بیٹے کی ایک ماہ میں تقرری کی ہدایت ۔ وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف فہیم احمد کی درخواست منظور کر لی گئی ۔ فہیم احمد نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے خلاف “متوفی ملازمین” کے کوٹے پر تقرری نہ کرنے کی شکایت کی تھی۔1999 میں والد کی وفات کے وقت شکایت کنندہ کی عمر صرف 6 سال تھی،شہری نے 2005 کی پالیسی کے تحت عمر پوری ہونے کے بعد تقرری کی درخواست دی ،پالیسی متعارف ہونے سے قبل فہیم احمد تعینات ہونے کا اہل نہیں تھا۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ پالیسی کے ماضی میں اطلاق کے بجائے مستقبل میں اطلاق کا معاملہ ہے ،

متوفی ملازم کے بیٹے کو اشتہار کی رسمی کارروائی کے بغیر محکمے میں تعینات کیا جانا تھا،سول ایوی ایشن اتھارٹی کا دعوی موجودہ کیس میں قانونی طور پر درست نہیںدرخواست گزار نے پالیسی متعارف کروانے کے بعد بلوغت کی عمر حاصل کی، صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ایک ماہ میں قانون کے مطابق فہیم احمد کی درخواست پر کاروائی کرے،فہیم احمد کے والد اتھارٹی کے ملازم تھے، 1999 میں کینسر کے باعث انتقال ہوا،والد کی وفات کے وقت شکایت کنندہ نابالغ تھا، تقرری کی درخواست نہیں دے سکتا تھا۔ تفصیلات میں مزید بتایا گیا ہے کہ نوکری کی درخواست دینے پر اتھارٹی نے درخواست مسترد کر دی، فہیم احمد نے شکایت کے حل کے لیے اتھارٹی سے رجوع کیا مگر کوئی ازالہ نہ ہوا،فہیم احمد نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا، محتسب نے بدانتظامی ثابت نہ ہونے پر درخواست مسترد کردی تھی۔ شکایت کنندہ نے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل کی،  صدر نے درخواست منظور کر لی صدر مملکت  نے  اتھارٹی کو ایک ماہ میں قانون کے مطابق تقرری کی درخواست پر کارروائی کا حکم  دے دیا ہے۔