وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک  نے  ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کا صحیح تشخص سے  روشناس کروایا، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے،میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں،مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور  ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں ۔ وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پہ بنا۔ وزیراعظم  نے کہا کہ  اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ  اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے،میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں ۔ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نا ئیک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا