راولاکوٹ (صباح نیوز) مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے رہنما اور سابق ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں شریک اقتدار نہیں، حکومت میں اونٹ کے منہ میں زیرہ برابر ہے۔ وزیراعظم نے ڈیڑھ سال سے مسلم لیگ ن کے دئیے گئے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز بند کر رکھے ہیں اب جب حالات قابو سے باہر ہوگئے تو “حسب ہدایت” پونچھ فتح کرنے نکلے ہیں جس جلسے میں مسلم لیگ کا وزیرہو وہاں مسلم لیگ ن کا ذکر اور جہاں وزیر نہیں وہاں مسلم لیگ پر تنقید کرتے ہیں یہی رویہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے اپنے اپنے حلقوں میں ان پروگراموں میں شرکت نہیں کی مسلم لیگ حکومت کا دم چھلا نہیں بن سکتی۔
ان خیالات کا اظہار سردار عبدالخالق وصی نے راولاکوٹ میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر آزاد کشمیر کے دو حلقوں میں حکومت میں ھے تو اکتیس حلقوں میں اپوزیشن میں ھے ان حلقوں میں مسلم لیگ کے دئیے گئے منصوبوں پر فنڈز روک رکھے ھیں۔اجکل وزیراعظم جہاں دورے پر جاتے ھیں مسلم لیگ ن کے دئیے گئے منصوبوں اور دی گئی خالی آسامیوں پر تقرریوں کی یقین دھانی کراتے ھیں ۔وزیراعظم نے تعزیرات پاکستان ( آذاد جموں وکشمیر پینل کوڈ)کی دفعہ 505 میں ترمیم کر کے عوام کے حق تنقید پر 7 سال کی سزا مقرر کی ھے، ھم ان سزاں سے ڈرنے والے ھیں نہ دبنے والے۔ سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ وزیراعظم اپنے آپ کو شفاف، دیانت دار و امانت دار اور دوسروں کو کرپٹ مافیا کہتے ھیں جبکہ مختص شدہ بجٹ کو خرچ نہ کر سکنے سے بڑھکر نا اہلی کیا ھوسکتی ھے۔جس باعث ترقیاتی بجٹ لیپس ھوتا ھے اور عوام کے ترقیاتی کام رکے ھوئے ھیں صرف جون کے ایک مہینے میں اربوں روپے خرچ ھوتے ھیں جو کرپشن کا سب سے بڑا ثبوت ھے۔
سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رھی ھے ھم عوامی حقوق کے حصول کے لئے عوام کے ساتھ ھیں، میرے حلقہ انتخاب پونچھ 5 میں سڑکیں کھنڈرات اور آثار قدیمہ کا نمونہ پیش کر رھی ھیں عوام ذاتی عطیات سے کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکیں بنوا رھے ھیں اس حلقے کے فنڈز کہاں گئے۔سکول کالجز مراکز صحت و دیگر سرکاری اداروں میں آسامیاں خالی پڑی ھیں اور این ٹی ایس کو کروڑوں روپے دئیے گئے لیکن تمام ادارے سٹاف کی کمی شدت سے شکار ھیں نسلیں تباہ ھو رھی ھیں اور کسی کو احساس تک نہیں ھے۔ آجکل وزیراعظم سابق وزیراعظم تنویر الیاس، حلقہ ایم ایل اے اور مشیر حکومت ایک پیج پر ھیں سابق وزیراعظم کے اعلانات اے ڈی پی کی منظوریاں اور نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد کیوں نہیں ھوا؟ انہوں نے کہا اس حلقے کے عوام کو اس بات کی سزا دی جارھی ھے کہ یہاں مسلم لیگ ن کو کیوں ووٹ ملے ھیں. سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ عوام کی شرافت، حکومت اور ایم ایل اے کو موقع دینے کی سزا عوام کو نہ دی جائے اب سب کا احتساب ھوگا اور احتجاج بھی۔سردار عبدالخالق وصی نے کہا کہ وزیراعظم رات کو جاگتے اور دن کو سونے کے باعث دفتر ویران رھتے ھیں، کہنے کو گڈ گورننس کا چرچا ھے اور عملا بیڈ گورننس کا ماتم برپا ھے یہ صورت حال اب برداشت نہیں ھوگی۔