پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے،امیر جماعت اسلامی نے ہفتہ یکجہتی غزہ کے طور پر منانے کی ہدایات دی ہیں، 7 اکتوبر کو تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ سٹرکوں پر نکل آئیں اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کریں،غزہ کی 2 فیصدآبادی شہید ہوچکی ہے جبکہ 80 فیصد مکانات تباہ ہوچکے ہیں،اسرائیل امریکہ کی ایما پر بدمعاشی کر رہا ہے،فلسطین کے عوام 1948 سے اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں،مسلمان حکمرانوں سے شکوہ ہے کہ انہوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے،ایران اور لبنان بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں، اسرائیل نے لبنان پر بھی چڑھائی کردی ہے۔ مسلمان ممالک متحد نہ ہوئے تو اسرائیل ایک ایک کرکے سب پر حملہ آور ہوگا۔ پوری دنیا کے عوام فلسطین کے معصوم عوام کا ساتھ دیں،ظلم کا یہ نظام زیادہ وقت نہیں چلے گا، گریٹر اسرائیل کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا، غزہ کے عوام کی صرف سیاسی تائید نہیں بلکہ جنگی معاونت بھی کرنی چاہے،تمام مسلمان ممالک فلسطین کو اسرائیل سے آزاد کرانے کا منصوبہ بنائیں، 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں سب سے بڑا پروگرام ہوگا،اس وقت فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا سہارا بننے کی ضرورت ہے،مسلمان حکمران امریکہ سے خوفزدہ ہیں۔ یکجہتی کا اعلان مسلمان حکمرانوں کو جھنجھوڑنے کے لیے ہے۔ہفتہ یکجہتی کے سلسلے میں بڑے پروگرامات اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے جبکہ اضلاع کی سطح پر بھی پروگرامات ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ ودیگر موجود تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے گریٹر اسرائیل کے خواب پر عمل پیرا ہے۔نیل سے فرات اور فلسطین، شام، سعودی عرب اور عراق کا بڑا حصہ گریٹر اسرائیل منصوبے میں شامل ہے۔ مسلمان حکمرانوں کو نوشتہء دیوار پڑھنا چاہیے۔ امت مسلمہ حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کے خلاف متفقہ طور پر جنگی حکمت عملی اختیار کریں، پاکستان،ترکی، ایران اور عراق کو بھی اسرائیل کے خلاف میدان میں اترنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ۖ کی پیشن گوئی سچ ثابت ہوگی اور اسرائیل کا وجود ضرور ختم ہوگا۔ جنگ کا دائرہ پھیل رہا ہے، لبنان پر حملہ ہو چکا ہے اور ایران کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپس میں رحم اور شفقت کی کمی کی وجہ سے مسلمان کفار کے لیے نرم چارہ بن چکے ہیں۔ اتحاد و اتفاق سے کفار کے دانت کھٹے کریں گے۔