گورنرفیصل کریم کنڈی کاخیبرپختونخواکے حقوق کے معاملے پر پی ٹی آئی سمیت 14 سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین کو خط ارسال

پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہخیبرپختونخواکے حقوق کے معاملے پر پی ٹی آئی سمیت 14 سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین کو خط ارسال کردیا ۔  صوبہ کے مسائل کے حل کے لیئے ٹاسک فورس کے قیام کی  تجویز پر رائے طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق  گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سمیت صوبہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی صدور کو خط لکھا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے سیاسی ہم آہنگی کا فروغ اور صوبہ کے وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیئے وفاق سے بات کرنا اور مثبت انداز سے صوبہ کا حق لینا انتہائی ضروری ہے اس مقصد کے لیئے  یونائیٹڈ ٹاسک کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں اس فورس کو گورنر ہاؤس کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

خط میں کہا گیا کہ قیام امن ، تیل پر ایکسائز ڈیوٹی، این ایف سی ایوارڈ کے تحت پانی کا حصہ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر حقوق کا حصول اس ٹاسک فورس کی ترجیحات ہونگی ۔ گورنر کی جانب سے جن سیاسی جماعتوں اور قائدین کو خط لکھا گیا ہے۔ ان میںعلی امین گنڈاپورصدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا ، میاں افتخار حسین عوامی نیشنل پارٹی ،سینٹر مولانا عطا الرحمن صوبائی امیر جمعیت علما اسلام(ف)، انجنیئر امیر مقام صوبائی صدر  مسلم لیگ ن ،پروفیسر محمد ابراہیم صوبائی صدر جماعت اسلامی ،سید محمد علی شاہ باچا صوبائی صدر پیپلز پارٹی، سکندر حیات شیرپاؤ قومی وطن پارٹی ،  مولانا جہانذیب علی جعفری صوبائی صدر مجلس وحدت المسلمین،

علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی صوبائی صدر تحریک لبیک پاکستان ، سلار فیاض علی صوبائی صدر مزدور کسان پارٹی ، مولانا حامد الحق حقانی صوبائی صدر جمیعت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ ، سید محمد علی شاہ باچا صوبائی صدر پیپلز پارٹی، فیاض صوبائی صدر جمعیت علمائے نورانی شامل ہیں ۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کے انعقاد کے لیئے تمام قائدین یا انکے نمائندوں کو گورنر ہاس پشاور میں بلانے کا عندیہ دیا گیا ہے تاکہ ایک مشترکہ چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرکے وفاق کو بھجوایا جائے۔