حریت قیادت کا وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کا خیرمقدم،شہباز شریف کے خطاب کوکشمیریوں کی امنگوں کا حقیقی عکاس قرار دے دیا


سری نگر،اسلام آباد— کل جماعتی حریت کانفرنس(اے پی ایچ سی ) کی قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔حریت رہنماوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے یواین جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسیر چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنماؤں شبیر احمد شاہ اور نعیم خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کی تقریر کو کشمیریوں کی امنگوں کا حقیقی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اٹھایا ہے اور وہ اس مسئلے کے جلد حل کے حوالے سے عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے بھر پورسیاسی اور سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔

اسیر رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حمایت غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے۔مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے سب سے بڑے عالمی فورم پر کشمیری عوام کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ بھارتی طرز عمل اور ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور مسئلے کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارتی قیادت پر دباؤ ڈالے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء  اور جموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن فرید ہ بہن جی نے بھی یواین جنرل اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان محمد شہاز شریف کے خطاب کے دوران کشمیر پر ٹھوس اور جاندار موقف اختیار کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان نے کشمیر کامقدمہ عالمی برادری کے سامنے پیش کیا اور بھارتی عزائم اور ان سازشوں کو بے نقاب کیا جن کے ِذریعے وہ کشمیریوں کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

اپنے بیان میں فریدہ بہن جی نے کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں عالمی ادارے میں پیش کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ اب عالمی برادری کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور مذموم عزائم کا نوٹس لے کر کشمیریوں کو جائزحق خودارادیت دلانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور بھارت پر دباو بڑھائیں تاکہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر فور ی عمل کرے ، انہوں نے کہاکہ بھارت اگر واقعی خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے جس کا تذکرہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران کیا تو اس سے چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کے ٹھوس اقدامات پر مثبت ردعمل ظاہرکرے اور مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنی ہٹ دھرمی ترک کرکے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ سنجیدہ مزاکرات کا عمل شروع کرے۔

علاوہ ازیں جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین  پیر عبدالصمد انقلابی نے بھی یواین جنرل اسمبلی میں  فلسطین اور جموں کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کرنے پرپاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ،اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مسئلہ جموں کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و امان قائم ہو۔ چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ بھی ایک صدی سے اپنا حق حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں،  مسئلہ جموں کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔انہوں نے  نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم کوششیں کر رہی ہے، 2019 میں بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر جموں کشمیر کو ہڑپ کیا، بھارتی مظالم کے باوجود جموں کشمیر کے نوجوان شہدا کی میراث پر برا بر عمل پیرا ہیں۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ، سینئر رہنماؤں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر ، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، سید فیض نقشبندی، میر طاہر مسعود، محمد سلیم وانی اور دیگر نے بھی اپنے بیانات میں وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے جرائت مندانہ اور حقیقت پسندانہ قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے عالمی فورم پر تنازعہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرکے کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی حقیقی ترجمانی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے محکوم لوگوں کے حق میں ایک بار پھر بھر پور انداز سے آواز اٹھانے پر ان کے مشکور ہیں۔حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا وکیل سمجھتے ہیں جو تنازعہ کشمیر کے دیرپا اور پرامن حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں بھارت کی ہٹ دھرمی واحد رکاوٹ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے اس پر دباؤ ڈالے۔