سری نگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع کولگام میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
پلوامہ میں بھارتی فورسز نے چھ نوجوان گرفتار کر لیے ہیں ،پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور ادھم پور اضلاع کے مختلف علاقوں میں قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے ،کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع کولگام کے علاقے آدیگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔
قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ (اے ایس پی) اور چار بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ ادھربھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں چھ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورسز کے اہلکاروں نے ان نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوںکی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر جدوجہد آزادی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے،دریں اثنا، بھارتی فورسز کی طرف سے جموںخطے کے پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور ادھم پور اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔