لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلام اللہ کا نور ہے جس سے پوری دنیا روشن ہوتی ہے۔ دین مصطفی کی روشنی اور نور نہ ہو تو جیسے مغرب میں ماں، بہن، بیٹی اور عورت کا مقام گم ہو گیا ہے خدانخواستہ ایسا اسلامی ممالک میں بھی ہوسکتا ہے۔ اس وقت پاکستان میں حقوق کی جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ مشرقی پاکستان کے عوام جنھوں نے سب سے پہلے پاکستان کے حق میں قراردادیں منظور کیں وہی لوگ ہم سے الگ کیوں ہوئے۔ اس لیے کہ ملک پر اسلام کا روشن نظام رائج نہیں تھا۔ یہاں کی حکومت کو بنگال کے مسلمانوں کا مقام نظر نہیں آیا۔ آج بھی بچے کھچے پاکستان میں بلوچوں، سندھیوں، جنوبی پنجاب کے عوام کی آواز، ہزارہ اور دیگر مختلف علاقوں کے حقوق نظر نہیں آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ اسلام ہی انسانوں کو ماں، باپ، بہن اور بزرگوں کے حقوق سکھاتا ہے اور اجتماعی زندگی میں رہنمائی کرتا ہے۔ ترقی یافتہ امریکا میں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بیویاں اپنے حقوق سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انسانیت تباہ ہو رہی ہے۔ تمام مسائل کا حل اسلام کا نوری نظام ہے۔ پاکستان اور دیگر ممالک کے تمام مسائل کا حل ا سلامی قانون میں ہے۔ملک میں 70سال تجربات ہو چکے ہیں۔ جمہوری، غیر جمہوری، فوجی، شیروانی، کوٹ پتلون سب تجربے ہو چکے اب اسلام کا نظام ہی واحد حل ہے تاکہ سب کو مقام مل سکے۔ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کی حکومت قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔