حکومت پنجاب لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فوری طور پر اضافی کام کرنے کا معاوضہ ادا کرے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے کرونا کی لہر دنیا بھر میں آئی، پاکستان بھی اس سے متاثر ہوا۔

اُس وقت سے لے کر اب تک لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دن رات ایک کر کے اس مہم میں حصہ لیا اور گھر گھر جا کر کرونا ویکسین کے ٹیکے لگائے، مگر حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ایک فیصد بھی صلہ نہیں دیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ہفتہ وار چھٹی اور سرکاری چھٹیاں بھی بند ہیں۔ چھٹیوں کے بدلے چھٹیاں دی گئیں اور نہ ہی اس کا معاوضہ دیا گیا۔ کرونا ویکسین کے کام کا کوئی اضافی معاوضہ بھی نہیں دیا گیا۔

اپنے بیان میں سابق ایم این اے ڈاکٹر فرید پراچہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فوری طور پر چھٹیوں کا معاوضہ اور کرونا ویکسین میں دن رات اضافی کام کرنے کا معاوضہ ادا کرے۔