سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر کے اٹوٹ انگ ہونے اورمقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری سے متعلق بھارت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ ہے ۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں جموںو کشمیر کی متنازعہ بین الاقوامی حیثیت کاواضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں ڈھونگ انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں گمراہ کرناچاہتی ہے ۔
انہوں نے افسوس ظاہرکیاکہ بھارتی حکومت خاص طور پراگست 2019میں دفعہ 370کی غیر قانونی منسوخی کے بعدسے کشمیریوں کے حقوق کو منظم طورپر پامال کررہی ہے ۔ حریت ترجمان نے واضح کیاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل تک دیرینہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حل طلب تنازعات کی فہرست پر مسلسل موجود رہے گا۔ اس سلسلے میں بھارت کی یکطرفہ کوششیں ہرگزکامیاب نہیں ہوسکتیں۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ علاقے میں رائے شماری کاانعقاد تنازعہ کشمیر کا ایک منصفانہ حل ہے ،جسے بھارت مسلسل نظرانداز کر کے جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔