صدر ،وزیراعظم کا شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آصف علی زرداری  اوروزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نڈر جوانوں کی جرات و بہادری کی بدولت متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔صدر آصف علی زرداری نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اپنے جاری بیا ن میں صدر مملکت نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں مختلف جھڑپوں کے دوران خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی تعریف کی، صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا انہوں نے  کاروائیوں کے دوران جان کی قربانی پیش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،

صدر مملکت نے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رکھیں گے،پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ، صدر مملکت  نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ خوارج کا ارض پاک سے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔