لاہور جلسے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جو بھی ہو گا آگے پتہ چلے گا،علی امین گنڈا پور


پشاور(صباح نیوز) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختو نخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جو بھی ہو گا آگے پتہ چلے گا۔

پشاور میں اختیار عوام کا پورٹل کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جمہوریت کے لئے  ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ رابطے رہیں، حکومت کی اصل ٹیم عوام ہے، ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے پورٹل میں خامیوں کو دور کر دیا ہے، غیر قانونی بھرتیوں کو نکالنا ہوگا، عوام کا ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں کرنا ہے، غیر قانونی بھرتیوں بارے تحقیقات کر رہے ہیں، کرپشن کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے افسران کو مانیٹر کیا جائے گا، مانیٹرنگ خود کروں گا، جو بھی افسر غلط کام کرے گا اس کو سزا دی جائے گی، پھر کہتا ہوں، اپنی اصلاح کر لیں ورنہ سزا کے لیے تیار رہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینا ہے ،ہسپتالوں کو فنڈز فراہم کر دیے گئے ہیں، مسائل حل کرنے کا  وعدہ کرتا ہوں۔ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ چیک پوسٹیں ختم کر رہے ہیں، عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، فنڈز کے حوالے سے وفاقی حکومت کے طریقہ کار پر اعتراض ہے۔ا نہوںنے کہا کہ افغان قونصل جنرل نے موقف دے دیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں کہ وہ ہمارے قومی ترانے کی عزت نہیں کرتے،افغان قونصل کا موقف ہے کہ ترانے میں میوزک تھا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، قبائلی اضلاع میں جرگہ نظام بحال ہو گا، ادارے اور پولیس جرگے کے ساتھ مل کر امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں گے، ہم قبائلی علاقوں کے حالات سے غافل نہیں ہیں، ضم اضلاع میں امن وامان کی صورتِ حال نارمل ہو جائے گی۔قبل ازیں پورٹل کے بارے میں کابینہ کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل کے ذریعے عام شہری شکایات درج کر سکیں گے اور مختلف امور کا آن لائن جائزہ لے سکیں گے، پورٹل میں عوامی ایجنڈہ، صحت، تعلیم، امن وامان اور میونسپل سروسز کے بارے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔