مظفرآباد(صباح نیوز)وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا ہے کہ کھیل مختلف علاقوںکے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جوڑنے، اتحاد، ٹیم ورک اور صحت مند مقابلے کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
جامعہ کشمیرکے زیر اہتمام بین الجامعاتی سپورٹس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی اور رنرز اپ ٹیمزکی شاندار کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میں خود والی بال کا کھلاڑی رہاہوں اور کھیلوں کے فروغ کا داعی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جیتنے کے جذبے کو بھڑکاتے ہیں اور ہار کو خوش اسلوبی سے قبول کرنے کے لیے لچک پیدا کرنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔
انہوں نے تمام شرکت کرنے والی یونیورسٹیوں اور ان کے عہدیداروں کو چیمپیئن شپ کے دوران ان کی پرجوش شرکت اور تعاون کے لیے تعریف کی۔بیڈمنٹن (بوائز) چیمپئن شپ میں یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ چیمپئن بن کر ابھری، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر نے رنر اپ اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کرکٹ (گرلز) چیمپیئن شپ میں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرمظفرآباد چیمپیئن رہی، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ رنر اپ اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد یونس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر کی جانب سے کئے گئے بہترین انتظامات پر تمام شریک یونیورسٹیوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایک خوش آئند ماحول پیدا کرنے میں یونیورسٹی کی کوششوں کی تعریف کی جس نے ایک کامیاب چیمپئن شپ کو یقینی بنایا۔اس موقع پر جامعہ کشمیر کی ڈائریکٹر سپورٹس نگہت ناز گیلانی نے بھی خطاب کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان سپورٹس مین شپ اور اتحاد کو فروغ دینے میں اس طرح کے ایونٹس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نتائج کے اعلان کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کے معززین اور حصہ لینے والی یونیورسٹیوں کے ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کر جیتنے والے اور رنر اپ کو ان کی لگن، محنت کا اعتراف کرتے ہوئے ٹرافیاں، اسناد اور یادگاری نشانات سے نوازا۔چیمپیئن شپ میں سخت مقابلے اور ٹیموں کی طرف سے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس تقریب نے مختلف یونیورسٹیوں کے نوجوان کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنے کے لیے ایک بہترین موقع کے طور پر کام کیا، جس سے آپس میں دوستی اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ ملا۔ حصہ لینے والی یونیورسٹیوں میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ)، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ، اور جامعہ کشمیر کے طلبہ شامل تھے۔جامعہ کشمیر کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو اس کے طلباء اور علاقے کے نوجوانوں کی مجموعی ترقی میں معاون ہے۔ یونیورسٹی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے، صحت مند مسابقت کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس کی میزبانی کرنے کابھی ارادہ رکھتی ہے۔اختتامی تقریب میں ڈین فیکلٹی انجینئرنگ ڈاکٹر سعدت حنیف ڈار،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید،فیکلٹی ممبران،انتظامی آفیسران،ادارہ کے فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بھرپورانداز میں شرکت کی۔