حافظ نعیم الرحمن نے قوم کو آئی پی پیز کے حوالے سے شعور دیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان

پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے رہنما آئی پی پیز کی صورت میں ملک کے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے قوم کو آئی پی پیز کے حوالے سے شعور دیا۔ شریف خاندان اور منشا گروپ کے آئی پی پیز اور ادائیگیوں کے باوجود بجلی پیدا نہ کرنے والے رقوم قومی خزانے میں جمع کرا دیں۔ قوم کا حق شیرِ مادر سمجھ کر کھایا جا رہا ہے، یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔ آئی پی پیز سے معاہدے ختم اور بجلی سستی کرنی پڑے گی، عوام مزید حکمرانوں کی عیاشیوں کے خرچے برداشت نہیں کر سکتے۔ اسلامی نظام آج بھی اپنی اصل شکل میں نافذ کیا جا سکتا ہے، قائدِ اعظم پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے لیکن ان کی وفات کے بعد ریاست کے حکمران ہی اسلام کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن کر کھڑے ہو گئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام جہانوں کے لیے رہنما بنا کر بھیجے گئے ہیں۔ ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے دو روزہ ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبید الرحمن عباسی، ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی اور سیکرٹری جنرل جاوید اختر سمیت شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اجتماع ارکان میں ممبر سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم یکم ستمبر سے شروع ہوچکی ہے۔ اضلاع کو ممبر سازی کے اہداف دے دیئے گئے ہیں۔ ان شا اللہ بھر انداز میں ممبر سازی مہم چلائیں گے اور لوگوں کو جماعت اسلامی کا حصہ بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے سب سے زیادہ مخاطب نوجوان ہیں، نوجوان ہی ملک کا سرمایہ ہیں۔ ان کو اپنے ساتھ شامل کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ، اسلامی اور خوشحال مملکت بنائیں گے۔