ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام بجلی چوری سے پرہیز کریں ورنہ لوڈشیڈنگ ہوگی،ہمارے آبائو اجداد سمیت لوگوں نے صوبے میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اداروں کے ساتھ تعاون کریں،تنقیدکرنے کے بجائے عملی کام کریں، اپنے فائدے کیلئے دوسرے کو نقصان نہ پہنچائیں ۔سرکٹ ہاس ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، صوبے میں منشیات فروشوں کا پرائیویٹ ہسپتالوں میں مفت علاج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان کو اپنا حق ملے گا، یہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ ہے عوام پر کوئی احسان نہیں ، ڈیرہ اسماعیل خان میں دو فلائی اوورز کی تعمیر کے آغاز کیلئے تمام تر کام مکمل ہوچکاہے فنڈز بھی مختص ہوچکے ہیں ، انشاء اللہ عنقریب اس پر بھی کام کا آغاز کردیا جائیگا۔ا نہوںنے کہا کہ علاقے میں جو ترقیاتی کام ہو رہا ہے آپ اس کام کو چیک کریں، آپ نے ترقیاتی کاموں کی چوکیداری کرنی ہے، آپ نشاندہی کریں ہم کام کریں گے، تنقید کرنے کے بجائے عملی کام کریں، اپنے فائدے کیلئے دوسرے کو نقصان نہ پہنچائیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے عوام کو کہتا ہوں آپ حکومت کی ٹیم بنیں، ہم نے معاشرے میں شعور لانا ہے، محکمے اور ادارے آپ کی خدمت کے خواہش مند ہیں، بجلی اور لوڈشیڈنگ صوبے کا کام نہیں، بجلی چوری سے پرہیز کریں، چوری کرو گے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔
ا نہوں نے کہا کہ صوبے نے اپنے حصہ کا آئی ایم ایف کو پورا پیسہ دیا ہے، اپنے وسائل کو بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہمارے آبائو اجداد سمیت لوگوں نے صوبے میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اداروں کے ساتھ تعاون کریں، ادارے عوام کے غلام ہیں۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پورے صوبے کے ترقیاتی کاموں کی نگرانی خود کروں گا، بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کام کریں گے، امن وامان صوبے کا بڑا مسئلہ ہے، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے ، محکمہ پولیس میں مزید بھرتیاں کررہے ہیں اور پولیس کو جدید آلات و اسلحہ فراہم کیا جارہاہے، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ہسپتالوں میں بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، صحت کارڈ کو وسعت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نکاسی آب کے مسئلہ کے حل کیلئے سیوریج لائن کا منصوبہ انٹرنیشنل معیار کا منصوبہ تھا لیکن اس میں گندگی اور تعمیراتی کچرا ڈال کراس کو بند کیا گیا، عوام شعور پیدا کرے لفافے ، گندگی اور کچرا اس میں نہ پھینکے ، کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سرکاری اداروں میں آگے لایا جارہاہے تاکہ ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے، پولیس ہم میں سے ہے ،پولیس نے بڑی قربانیاں دیں ہیں ،رشوت کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔