پورے ملک کی طرح پشاور ڈویژن، ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن اور جنوبی اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی اضلا ع میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال


تاجر تنظیموں نے صوبے بھر میں دکانوں اور مارکیٹوں کو مکمل طور پر بند رکھا
کامیاب ہڑتال حکمرانوں کے لیے نوشتہء دیوار ہے۔ حکمران برے انجام سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ پالیسیاں تبدیل کرلیں۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان
تاجر برادری نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لبیک کہا اور ہڑتال کامیاب بنائی، عبدالواسع

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک کی طرح پشاور ڈویژن، ملاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن اور جنوبی اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی اضلا ع میں بھی مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف شٹر ڈاون ہڑتال ہوئی۔ تاجر تنظیموں نے صوبے بھر میں دکانوں اور مارکیٹوں کو مکمل طور پر بند رکھا۔

پشاور میں شٹر ڈاون ہڑتال کے موقع پر مختلف بازاروں کے دورے کے بعد جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکمران ملک کو ترقی کی بجائے انحطاط اور تنزلی کے راستے پر لے جارہے ہیں۔ حکمرانوں کے عیش و عشرت اور اللوں تللوں میں کوئی کمی نہیں آ رہی اور سارا بوجھ عوام اور تاجروں پر ڈال دیا ہے۔ آئی پی پیز کی وجہ سے بجلی مہنگی اور معیشت تباہ ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں آئی پی پیز جو بجلی بھی پیدا نہیں کر رہیں لیکن ان کو اربوں کے حساب سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔آئی پی پیز حکمرانوں کو کمیشن دیتے ہیں، حکمرانوں کی اپنی آئی پی پیز عوام کو لوٹ رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں۔ سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے تنخواہ دار ملازم بھی ٹیکسوں وجہ سے رل رہے ہیں۔ تجارت اور کاروبار کو سخت نقصان پہنچایا ہے، ٹیکسوں کی وجہ سے اشیا خور و نوش بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کامیاب ہڑتال حکمرانوں کے لیے نوشتہء دیوار ہے۔ حکمران نوشتہء دیوار پڑھ لیں، یہ آغاز ہے، حکمران برے انجام سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ پالیسیاں تبدیل کرلیں۔ ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلی لائی جائے، آئی پی پیز کو بلایا جائے اور جو بجلی نہیں بنا رہے ان سے معاہدے منسوخ کیے جائیں۔ مستقبل میں آئی پی پیز کا نظام سرے سے ختم کیا جائے۔ انھوں نے بلوچستان، رزمک شمالی وزیرستان اور کچے میں پولیس کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ یہ واقعات حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔فوج سول سیٹ اپ سے باہر نکلے، سول سیٹ اپ میں رہیں گے تو ان کی کارکردگی متاثر ہوگی۔ فوج بیرک میں جائے یا سرحدوں کی حفاظت کرے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران بنگلہ دیش سے سبق حاصل کریں، اگر عوام کے مسائل حل نہ کیے تو انجام کے ذمہ دار خود ہوں گے۔انھوں نے کامیاب ہڑتال پر پشاور سمیت صوبے بھر کی تاجر تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان، نائب امیر حمد اللہ جان بڈھنی، حافظ حشمت خان، پاکستان بزنس فورم پشاور کے صدر خالد گل مہمند، تاجر رہنماظفر خٹک اور دیگر موجود تھے۔

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے مردان میں جماعت اسلامی کے کیمپ میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ہم مردان کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے اور انھیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تاجر برادری نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر لبیک کہا اور ہڑتال کامیاب بنائی۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سستی ترین بجلی بنا رہا ہے لیکن وہی بجلی ہمیں مہنگے داموں بیچی جا رہی ہے۔ حکومت نت نئے ٹیکس لگا رہی ہے۔ تاجروں کو مختلف قسم کے ٹیکسوں کے چنگل میں پھنسا رہی ہے۔ یہ سراسر ظلم ہے۔ حکومت اپنا قبلہ درست کرلے۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر آج شٹر ڈاون ہڑتال کی ہے، وہ اسلام آباد لانگ مارچ کی کال دیں گے تو ہزاروں افراد مارچ کی شکل میں اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ حکمران معاہدے کی پاسداری کریں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی لائیں اور ظالمانہ ٹیکسوں کا خاتمہ کریں۔ دکانداروں اور تاجروں کو بھی مختلف قسم کے ٹیکسوں سے آزاد کریں۔ انھوں نے کہا کہ دوسری جماعتیں صرف لوٹ مار اور اپنے بینک اکاونٹس بھرنے میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے غریب عوام کی آواز ہے۔ اس ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ جماعت اسلامی کرے گی۔