قادیانی غیر مسلم ہیں، قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم کر لیں ۔ لیاقت بلوچ

لاہو ر(صباح نیوز)۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے چیف جسٹس آف پاکستان اور بنچ کے فاضل ججوں کی طرف سے قادیانی مبارک ثانی مقدمہ میں نظرثانی میں غلطی تسلیم کرنے اور فیصلہ کو آئین، قرآن و سنت اور ملت اسلامیہ کے اجماع کے مطابقہ فیصلہ کو درست کرنے کے فیصلہ اور اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ توقع ہے کہ فیصلہ کے اعلان کے بعد تحریری فیصلہ میں تمام متنازع امور کا خاتمہ کر دیں گے۔ یہ بھی عدالتی تاریخ کا روشن اقدام ہے کہ ضد اور اصرار کی بجائے حکمت و دانش کے ساتھ تمام مکاتبِ فکر کی بات کو سنا گیا۔  ریاست، حکومت اور تمام آئینی اداروں کو اب یہ تسلیم کر لنیا چاہیے کہ اسلامیان پاکستان عقیدہ ختم نبوت، شان رسالت اور شعائر اسلام کے ساتھ کسی چھیڑ چھاڑ کے کسی اقدام کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، اسلامیان پاکستان میں ہزار اختلاف ہو سکتے ہیں، لیکن عقیدہ ختم نبوت اور مقام مصطفیۖ پر کوئی اختلاف نہیں ہو سکتا۔ قادیانی غیر مسلم ہیں، قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم کر لیں اس کے بعد ریاست ان کے عقائد اور عبادت کا تعین کرے گی، پھر ہی وہ آئین کے مطابق تمام حقوق کے حق دار بنیں گے،

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کا حکمت اور دانش سے حساس فیصلہ کی ہیڈلنگ پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔قبل ازیں سپریم کورٹ میں نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمن اور مرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی مبارک ثانی نظرثانی کیس میں دلائل دیے۔ ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ آیات اور احادیث کا حوالہ درست اور سیاق و سباق کے مطابق دینا ضروری ہے، عدالت یہ بھی تعین کرے کہ آئین کو نہ ماننے والے قادیانیوں سے کیسے نمٹا جائے۔ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کے نمائندہ کے طور پر ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ قادیانیوں کا معاملہ دیگر اقلیتوں سے مختلف ہے۔ اقلیتوں کی عبادت پر کبھی کسی نے سوال نہیں اٹھایا، قادیانی خود کو اقلیت نہیں مانتے بلکہ مسلمان ظاہر کرتے ہیں، ایران میں ایک شخص نے نبوت کا دعویٰ کیا اور اسے الگ مذہب بیحائی کا نام دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ عدالت نے چاردیواری میں قادیانیوں کو تبلیغ کی اجازت دی، جرم ایسا ہی ہے جیسے کھلے عام ہو۔ عدالت فیصلہ کے پیراگراف 7اور 42کو حذف کرے، عدالت ماضی کے فیصلوں کے تناظر میں پیرگراف 37,38,39,40اور 49کا بھی جائزہ لے۔ عدالتی فیصلہ میںقرآن پاک کی آیات کا غلط فیصلہ بھی قادیانیوں کو دلیل فراہم کرے گا۔