اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو زیادہ دیر تک سلب نہیں کر سکتا، کشمیر جلد آزاد ہوگا، موجودہ دور میں امن کا حصول ناممکن ہو کر رہ گیا ہے، دنیا کی اخلاقیات سے لگتا ہے کہ ان کو کشمیریوں پر مظالم سے تکلیف نہیں ہوتی کیونکہ ان کے مخصوص مفادات بھارت سے وابستہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پارلیمانی ذیلی کمیٹی برائے کشمیری ثقافت اور اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام کل پاکستان یکجہتی کشمیر مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشاعروں کا انعقاد برصغیر کی تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے، پاکستان میں اس روایت کا دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہے، سیاست اور ثقافت کے فروغ میں ادب اور شاعری کا اہم کردار ہے، مسلمان شعرا نے بالخصوص پاک و ہند کے مسلمانوں نے جوش و جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں امن کا حصول ناممکن ہو کر رہ گیا ہے، دنیا کی اخلاقیات سے لگتا ہے کہ ان کو کشمیریوں پر مظالم سے تکلیف نہیں ہوتی کیونکہ ان کے مخصوص مفادات بھارت سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو زیادہ دیر تک سلب نہیں کر سکتا، بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے، کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حق آزادی ملنا چاہیے، بھارت مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، بھارت خود کو جس طرح آگ لگا رہا ہے ثابت ہو رہا ہے کہ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کا دو قومی نظریہ درست تھا، قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے وقت بھی بھارت کے مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑا، آج بھی ہمارے عزیز و اقارب بھارت میں رہتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مسائل کو پرامن انداز میں حل کرنے کیلئے کوششیں کرتے رہیں گے، امید ہے جلد کشمیر آزاد ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی ذیلی کمیٹی برائے کشمیری ثقافت رکن قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا طویل تاریخی پس منظر ہے، علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری میں کشمیر کو موضوع بنایا، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد اقوام عالم کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیری عوام کی تائید و حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ نامور شعرا کرام نے جہد کشمیر میں صرف قلمی نہیں بلکہ عملی طور پر حصہ لیا، علامہ محمد اقبال سمیت دیگر ممتاز شعرا کرام نے کشمیر کو اپنا موضوع سخن بنایا جس میں کشمیر کے حسن کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام پر مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔ تقریب میں امجد اسلام امجد، ڈاکٹر انعام الحق جاوید، منصور آفاق، عدل سومرو، محسن شکیل، عنبرین نصیر عنبر سمیت ملک کے ممتاز شعرا کرام نے شرکت کی اور اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شعرا کرام میں شیلڈز تقسیم کیں۔