حکومت کو اپنے وعدے اور معاہدہ پر عمل درآمدکرنا ہوگا۔ ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنے وعدے اور معاہدہ پر عمل درآمدکرنا ہوگا۔ ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا۔عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے ہوشربا بلوں سے بد حال ہو چکے ہیں۔ظالم حکمرانوں نے اپنی مراعات میں تو اضافہ کر لیا مگر عوام، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔لوگ بجلی کے بلوں پر قتل ہو رہے ہیں۔ اگر یہی سلسلہ رہا تو ملک انارکی، داخلی انتشار اور افراتفری کا شکار ہو جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہنگی بجلی،ظالمانہ ٹیکسوں اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے سے ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 50 فیصد صنعتیں بند ہوگئیں۔ 1 لاکھ 25 ہزار مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، کسی کا کوئی پرسان حال نہیں۔جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان اور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاور کمپنیوں کے ایک لاکھ 90ہزار ملازمین کو سالانہ 15ارب روپے کی مفت بجلی دینے کا انکشا ف، بجلی کے بلوں سے تنگ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔آئی پی پیز اژدھا بن چکا ہے، اس کے مکروہ کاروبار اور لوٹ مار نے ملک و قوم کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، حکومتی وزراء ان ظالموں کا دفاع کر رہے ہیں، جو کہ شرمناک اقدام ہے۔مہنگی بجلی نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبو ر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ جب تک حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتی اس وقت تک ہم سڑکوں پر رہیں گے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاج کر رہی ہے، لوگ اس احتجاج میں شریک ہو ں اور حکمرانوں سے ریلیف چھین لیں