پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کے نام سے ایپلی کیشن جاری

اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے بارش سے  متاثرہ آبادی کو سیلاب سے بچنے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور محفوظ مقام تلاش کرنے کا مشورہ دیا ہے ْ۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق  تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مذکورہ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ آبادی کو سیلاب سے بچنے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور محفوظ مقام تلاش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔این ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانی کے اخراج کو روکنے کے لیے چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے سیل کیا گیا ہو، پانی جمع ہونے سے بچنے کے لیے گٹر اور نکاسی آب کے نظام کو صاف کریں، باہر موجود چیزوں کو محفوظ کریں، جسے تیز ہواں اور موسلا دھار بارش سے نقصان پہنچا سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کی گئی ہے، جو گوگل پلے اسٹور اور آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے تاکہ عوام کو بروقت الرٹس، مشورے فراہم کیے جاسکیں۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام دریاں اور بیراجوں میں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ رودکوہیوں میں اگلے 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 61 فیصد، تربیلا میں 81 فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح تنتالیس فیصد تک ہے۔