اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت امن کی کوششوں کو بڑا دھچکا ہے، مسئلہ فلسطین پر آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، فلسطین ایک مقتل گاہ بن چکا ہے، وہاں کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، پاکستان فلسطین کی امداد جاری رکھے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری دنیا اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر اشکبار ہے، میں متفقہ قرارداد پاس کرنے پر تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، میں اپوزیشن بینچز پر بیٹھے اراکین اور اتحادی جماعتوں کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ کی شہادت امن کی کوششوں کو بڑا دھچکا ہے، پاکستان اسماعیل ھنیہ کے اہلخانہ اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، فلسطین آج ایک مقتل گاہ بن چکا ہے، وہاں کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ہزاروں شہیدوں کا لہو انصاف کو پکار رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم انسانی حقوق کا سوال ہے، عالمی قوانین پر عمل نہ ہونے سے فلسطین میں ظلم کا بازار گرم ہے، چالیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید کئے جاچکے ہیں، بستیوں کی بستیاں قبرستان بن چکی ہیں، جن گلیوں میں بچے کھیلتے تھے آج وہاں چیخوں کی آوازیں ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایک فلسطینی بچی نے کہا تھا کہ ہمیں اس لئے مارا جارہا ہے کہ ہم مسلمان ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان فلسطین کی امداد جاری رکھے گا، فلسطینی زخمیوں، میڈیکل طلبا کو پاکستان لایا جائے گا ، زخمی فلسطینی بہن بھائیوں کوعلاج کے لئے پاکستان لانے کا انتظام کیا جائے گا ۔