اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیرڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں مطالبات کے لئے لا محدود مدت کے لیے بیٹھ سکتے ہیں،جس گھر میں بجلی کا بل جاتا ہے وہاں جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کی بات ہوتی ہے،آئی پی پیز کی مافیاز کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔
ایک نجی ٹی وی سے بات چیت ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ہمارا پر امن دھرنا جاری ہے اور اس میںہر آنے والے دن کارکنان کا جوش و جذبہ بڑھتا جارہا ہے۔حکمرانوں نے مذاکرات کے لیے ہاتھ بڑھایا تھا تین ادوار ہو چکے ہیں ۔جماعت اسلامی کے نمائندوں کو اندازہ ہوا ہے کہ حکومت کو کچھ چیزوں کو ادراک ہو گیا ہے۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکمران آسانی کے ساتھ کوئی چیز قبول نہیں کرتے جبکہ ڈی چوک یا احتجاج نہ کیا جائے۔کراچی میں بھی کے الیکٹرک کے خلاف 29 دنوں کا دھرنا دیا گیا۔ہر وہاں کوئی گملا ،شیشہ ٹوٹا اور نہ مری روڈ کے دھرنے میں کوئی ایسی صورتحال پیدا ہوئی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پر امن دھرنے کے حوالے واضح ہدایات دی۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ سیاست میں شائستگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔بد زبانی اور گالم گلوچ سے گریزکیا۔جماعت اسلامی کے موقف کی حمایت اور پذیرائی بڑھ رہی ہے حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں ہم لا محدود مدت کے لیے بیٹھ سکتے ہیں۔
امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن اعلان کر چکے ہیں کہ دھرنا ایک ماہ سے زیادہ وقت تک چل سکتا ہے۔لیاقت بلوچ،امیر العظیم و دیگر رہنماء مذاکراتی کمیٹی میں نمائندگی کررہے ہیں لگتا ہے کہ حکومت کو جماعت اسلامی کی قوت،سٹریٹ پاور کا اندازہ ہو گیا ہے۔تیسرے مذاکراتی دور کے بعد امید لگی ہے کہ کسی نتیجہ پر پہنچ رہے ہیں ۔ہمیں بھی جانے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ جس گھر میں بھی بجلی کا بل جاتا ہے وہاں جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کی بات ہوتی ہے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ آئی پی پیز کی مافیاز کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے ۔تمام معاہدوں کا جائزہ لینا ہوگا۔چین کے معاہدوں کی بات تو بعد کی ہے پہلے ہی اپنی پارٹیوں میں بیٹھے لوگوں کی آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی تو کریں۔