پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے خیبرپختونخوابلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا
پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوابلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے رمضان المبارک کے بعد بلدیاتی الیکشن کرانے کی ہدایت کردی
پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے خیبرپختونخوابلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے11صفحات پرمشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا،جسٹس شکیل احمد نے فیصلہ تحریر کیا۔ فیصلے میں عدالت نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا اور چیف الیکشن کمشنر کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو رمضان کے بعد منعقد کرانے کا حکم دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ مارچ میں پہاڑی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے الیکشن ممکن نہیں لگتا، محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ میں بارشوں ، برفباری کاامکان ہے۔تحریری فیصلے کے مطابق صوبائی حکومت اورمحکمہ موسمیات نے الیکشن کمیشن کومراسلہ جاری کیا، رپورٹ کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی فیصلہ کن اقدام نہیں اٹھایا، الیکشن کمیشن اس ضمن میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کادوسرامرحلہ زیادہ ترپہاڑی علاقوں میں منعقدہوناہے، درخواست گزاروں کاموقف ہے سردموسم میں ووٹرزکانکلناممکن نہیں ، برف والے علاقوں میں الیکشن عملے کوبھی مشکلات درپیش ہوں گی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ موجودہ حالات کے تناظرمیں پہاڑی علاقوں میں شفاف انتخابات ممکن نہیں لگتے، الیکشن کمیشن پہاڑی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد رمضان کے بعد کرے۔خیال رہے کوہستان، ناران کے عمائدین نے ہائیکورٹ بینچ میں الیکشن ملتوی کی درخواست دائر کی تھی۔