ریاست کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ خواجہ آصف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، ریاست اس بات کی اجازت نہیں دے گی اور پوری قوت کے ساتھ حرکت میں آئے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندیاحسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اس معاملے میں وضاحت کر چکی ہے،ہم کابینہ کی جانب سے سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ ریاست کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اگر خدا نخواستہ ریاست نے یہ کھلی چھوٹ دی تو ریاست کا شیرازہ بکھر جائے گا، چیف جسٹس قاضی فائز کو کئی سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سب کو پتہ ہے کہ انہوں کیوں ٹارگٹ کیا جارہا ہے،وہ عدلیہ میںحق اور سچ کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ختم نبوتۖ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،  اسلام محبت کا پیغام ہے، اسلام کا وہ چہرہ دکھائیں جو محبت اور پیار کا چہرہ ہے، ایسا چہرہ نئی نسل اور دنیا کو نہ دکھائیں جو ہمارے دین کو کمزور کرتا ہو، جو ہمارے دین کے بنیادی تعلیمات کے منافی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں سسٹم ہوتا ہے، بے بنیاد الزام نہیں لگا سکتے، قانون میں یہ موجود ہے کہ اگر ایک الزام بے بنیاد لگایا ہے تو اس کی وہی سزا ہے جو اس الزام کے مرتکب فرد کو دی جاتی ہے، دھمکی دینے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، ملک میں آئین کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی گروہ کی مذہب، سیاست یا ذاتی مفادات کے نام پر ڈکٹیشن ریاست قبول نہیں کرے گی، ریاست قانون کے مطابق اس قسم کے غیر قانونی اقدامات، اس قسم کے فتوؤں کا جواب دے گی۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی جو عدلیہ کے سربراہ ہیں اور اس ریاستی ستون کے سربراہ کے خلاف کسی کا برملا یہ اعلان کرنا کہ جو اس کا سر قلم کرے گا میں اسے ایک کروڑ کا انعام دوں گا یہ آئین سے اور دین سے کھلی بغاوت ہے، یہ وہ طبقہ ہے جنہیں 2017 اور 2018 میں سیاسی ایجنڈے کے تحت کھڑا کیا گیا تھا، اس وقت بھی ہم نے کہا تھا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور کسی بھی مسلمان کی ایمان کی بنیاد عقیدہ ختم نبوتۖ ہے، کسی مسلمان کو کسی جماعت سے اپنے عقیدہ ختم نبوت ۖ کے لیے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان میں آئین، عدالتیں، قانون ہیں، یہاں کسی کو، کسی گروہ کو اجازت نہیں کہ وہ کسی کے قتل کے فتوے جاری کرے کیونکہ سزا، جزا کا اختیار صرف عدالت کے پاس ہے، اگر جتھوں کو اور علما کو یہ اختیار دیا جائے گا تو ہر فرقے کا علیحدہ فتوی ہوگا، اور ملک آگ اور خون کے اندر نہلایا جائے گا،اسلام انسانی جان کی حرمت پر یقین رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کہا گیا ہے کہ ایک جان کو قتل کرنا ساری انسانیت کو قتل کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمسایہ ملک کہ جہاں پر مسلمانوں کو زندہ جلایا جاتا ہے، وہ اسے بھول کر اس گروہ کی سرگرمیوں کو اٹھا کر پوری دنیا میں اچھالتا ہے، حکومت اس طرح کی رویوں کو پنپنے کی اجازت نہیں دے گی، کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی کے ایمان کا فیصلہ کرے، کسی کے قتل کا فیصلہ کرے، کسی ملک کے چیف قاضی کے اوپر ایسے فتوے لگائے جائیں تو نہ صرف ہم اس کی مذمت کرتے ہیں بلکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی تاکہ کوئی ایسا نہ کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ وقت آگیا ہے کہ ہم دین اسلام کے رحمت کے چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کریں، آپ ۖ کے نام سے عشق، آپ ۖ کے نام کی حفاظت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور اس پر مسلمان کو کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، اور نہ کسی کو اجازت دی جائے گی کہ وہ خدا اور ان کے رسول ۖ کا نام لے کر مسلمانوں میں انتشار پیدا کرے اور جتھے بازی کی سیاست کرے ، ہم اس کی شدیدمذمت کرتے ہیں، حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت غزہ کی طرف دیکھنا ہے کہ وہاں کیا ہورہا ہے مسلمانوں کے ساتھ، اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔وفاقی وزراء نے علما سے درخواست کی کہ ایسے لوگوں کے خلاف کھڑے ہوں اور قوم کی رہنمائی کریں، جب قانون موجود ہے تو کسی کے پاس فتوے جاری کرنے کا حق نہیں، ہمیں ہر شہری کو تحفظ دینا ہے۔وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ان چیزوں پر نوٹس نہیں لیں گے تو یہ پاکستان کو دیمک کی طرح کھوکھلا کردے گا،احسن اقبال نے کہا کہ امن قائم کرنا ہماری ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کیونکہ اگر اس کی وجہ سے ہماری معیشت بحران کی طرف گئی تو پھر شاید ہمیں کوئی بیل آ ؤٹ پیکج نہیں دے گا، اس معاملے پر حکومت کی زیرو ٹالرنس ہوگی۔