کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت،ملک میں بڑھتی مہنگائی، آئی ایم ایف اور وفاقی حکومت کے ظالمانہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز،پیٹرول،گیس وبجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی ”حق دو عوام کو”تحریک کے سلسلے میں اسلام آباد ڈی چوک 26جولائی سے شروع ہونے والا دھرنے میں شرکت کے لیے کراچی سے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
بھی ہزار ہ ایکسپریس سمیت بسوں و گاڑیوں کے ذریعے قافلے روانہ ہوئے ۔دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے قافلوں کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسزاور ظالمانہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے ، آئی پی پیز سے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں ۔منعم ظفر خان نے حکومت کی جانب سے دھرنے کو روکنے کی کوششوں کے سلسلے میں دفعہ 144کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنا ہر صورت میں ہوگا، جماعت اسلامی عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھے گی ۔پر امن احتجاج اور دھرنا ہمارا آئینی ، جمہوری اور سیاسی حق ہے ،پر امن دھرنے کو روکنے کی کوشش نا کی جائے ، اگر ایسا کیا گیا تو احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ ملک بھر میں پھیلادیا جائے گااور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔جماعت اسلامی نے حق دو کراچی تحریک کے سلسلے میں سندھ اسمبلی کے باہر 29 دن کا تاریخی دھرنا دیا ۔اسلام آباد دھرنا اس سے بھی زیادہ طویل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ن لیگ،پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم کی موجودہ اتحادی حکومت اور اس سے قبل پی ڈی ایم حکومت نے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا اور مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، آئی ایم ایف کے ظالمانہ بجٹ میں جاگیرداروں،وڈیروں طبقہ اشرافیہ کے بجائے سارا بوجھ اور ٹیکس تنخواہ دار طبقے اورغریب عوام پر ڈال دیا، پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے،آئی پی پیز سے کیے گئے ظالمانہ اور عوام دشمن معاہدوں کاسارا بوجھ بھی عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں نئے انتخابات نہیں بلکہ فارم 45کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں،بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اورعوام پر لگائے گئے ٹیکس واپس لیے جائیں، جاگیر دار وں اور وڈیروں پر ٹیکس لگائے جائیں،بجلی کے بھاری بلوں میں ٹیکسز اور ظالمانہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے۔بجلی،گیس اور پیٹرول سمیت اشیاء صرف کی قیمتیں کم کی جائیں،آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے کرنے والوں کو عوام کے سامنے لایا جائے، سندھ حکومت کراچی کے عوام کو ان کا حق دے۔