لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بجلی کے بلوں، مہنگائی، بے روزگاری سے ستائے اور مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبے عوام سے 26جولائی کو ہونے والے ڈی چو ک اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مطلب، مفادات کے لیے نہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے دھرنا دے رہی ہے۔ 26جولائی کے دھرنے میں شرکت کے لئے قافلے روانہ، لاہور سے ہزاروں افراد دھرنے میں شرکت کریں گے ۔ ہم اسلام آباد میں پر امن دھرنا دیں گے ، حکومت نے اگر ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالی تو احتجاج پورے پاکستان میں پھیل جائے گا ۔ملک و قوم کو حکمرانوں کے رحم و کرم نہیں چھوڑ سکتے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔بجلی کے بلوں سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ظلم و جبر کیخلاف آواز بلند کی ہے۔بجلی قیمت میں کمی کے لیے آئی پی پیز سے کیے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔اسلام آباد کا دھرنا علامتی نہیں بلکہ اس وقت تک رہے گا جب تک غریب و پسے ہوئے عوام کی دادرسی کے لیے حکومت وقت کوئی پیش رفت نہیں کرتی اور زبانی جمع خرچ سے بڑھ کر بجلی،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی طور پر اقدامات نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمے کے لیے عملًا اقدامات کرنے ہونگے ۔ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ لوٹ مار کا بازار گرم ہے ۔ مٹھی بھر اشرافیہ کو فائدہ پہچانے کے لئے 25کروڑ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم ٹو کی حکومت غریب عوام پر قہر بن کر ٹوٹی ہے ۔ اگر پاکستان کی معیشت کو بچانا اور غلامی کا جو طوق قوم کو پہنادیا گیا ہے اس سے چھٹکارا حاصل کر نا ہے تو عوام دھرنے میں شرکت کریں ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔خطے کے ممالک ہم سے بہت آگے نکل چکے جبکہ پاکستان آج بھی معاشی لحاظ سے کمزور سے کمزور تر ہو تا چلا جا رہا ہے ۔فارم 47کی جعلی حکومت، کرپٹ اشرافیا و مافیا اور” اسٹیٹس کو” سے نجات حاصل کرنی ہوگی