ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید کا ضلع فیصل آبادکا دورہ

فیصل آباد(صباح نیوز)  ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)پنجاب چوہدری عبدالحمید نے ضلع فیصل آبادکا دورہ اورمحکمانہ اہداف کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محموداور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی جی زراعت (توسیع)پنجاب نے ترقیاتی پراجیکٹس،کاٹن پیسٹ مینجمنٹ مہم پر عملدرآمد،کھادوں کی دستیابی،چاول کی فصل کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کپاس اور چاول کی فصل کے لئے پیسٹ سکاٹنگ کے حوالے سے افسران وسٹاف کو فیلڈ ڈیوٹیش تفویض کی۔

انہوں نے مقررہ اہداف کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے چاروں اضلاع فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں خریف کی فصلوں کی ماہانہ پراگریس کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں یوریا کھاد کا وافر سٹاک مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے ایگریکلچرٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ایک ہزار نوجوان زرعی گریجوایٹس کے لئے انٹرن شپ پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5،اگست ہے اس ضمن میں ہر ضلع میں درخواستوں کی وصولی اورامیدواروں کی رہنمائی کے لئے سہولت سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ڈی جی زراعت نے بتایا کہ ایک سالہ انٹرن شپ پروگرام شعبہ زراعت میں انقلاب برپا کرے گا۔ڈائریکٹر زراعت (توسیع)نے ڈویژن کی پراگریس سے آگاہ کیا۔