کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی سمیت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور ناکام ثابت ہوئی۔8فروری کے انتخابات ملکی کے تاریخ کے دھاندلی زدہ تھے۔جس میں عوام کے منتخب نمائندوں کی بجائے اسٹیبلشمنٹ نے مسترد شدہ لوگوں کو قوم پر مسلط کیا جس کی وجہ سے آج ملک سیاسی و معاشی طور عدم استحکام اور دہشتگردی کا شکار ہے، جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔26جولائی کو اسلام آباد میں بجلی بلوں میں مسلسل اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت تاریخی دھرنا ہوگا۔ جس میں سندھ سمیت ملک بھر سے شریک عوام حکمرانوں کو ظالمانہ ٹیکسز واپس لینے کے لیے مجبور کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ اور دادو میں اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر ضلع دادو عبدالرحمان منگریو ،جنرل سیکرٹری محمد موسیٰ ببر اور امتیاز چانڈیو نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
ذمے داران نے امیر صوبہ کو اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ بجلی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کا خون نچوڑنے والے آئی پی پیز کے اکثر مالک حکومت میں شامل ہیں۔بجلی پیدا نہ کرنے کے باوجود عوام سے غنڈہ ٹیکس وصول کرکے آئی پی پیز کو دیا جارہا ہے اب وقت آگیا ہے کہ نہ صرف عوام کو آئی پی پیز کے معاہدوں و مالکان کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے بلکہ یہ ظالمانہ و عوام دشمن معاہدے ختم کئے جائیں۔ جماعت اسلامی حکمرانوں کو آئی پی پیز کے ذریعے عوام سے لوٹ مار کرکے بیرون ملک جائیدادیں بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی ان کے خلاف بھرپور مزاحمت اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔عوامی حقوقِ کی دعویدار سب جماعتیں اس ظلم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں صرف جماعت اسلامی میدان عمل میں ہے کیونکہ باقی تمام حصہ دار اور اس سسٹم کا حصہ بن چکی ہیں۔عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں دوسری طرف حکمرانوں کے شاہی اخراجات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
شریف حکومت کے ظالمانہ بجٹ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم بھی برابر کی شریک ہیں۔ اس بجٹ مصالحہ جات دود سمیت کھانے پینے کی اشیا پر بھی ٹیکس لگا کر عوام کے عزت کے ساتھ زندھ رہنے کے راستے بھی محدود کردیئے ہیں۔ ایسے ظالم اور عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں آنا حضرت امام حسین رضہ کی سنت ہے۔