لاہور (صباح نیوز) یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام جمعہ کو لاہور میں الحاق پاکستان کے نام سے ایک بڑی ریلی نکالی جائیگی ۔ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی کریں گے ،یہ ریلی شام پانچ بجے لاہور میں مسجد شہداء سے شروع ہوکر پنجاب اسمبلی تک جائے گی ،ریلی میں تمام افراد اور تنظیمیں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں کے ساتھ شریک ہونگے،
واضح رہے کہ ہر سال کشمیر ی 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ پوری ریاست جموں وکشمیر کا پاکستان کے الحاق تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی ،واضح رہے کہ 19جولائی 1947 ء میں سرینگر کے علاقے آبی گزر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ایک اجلاس میں کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ جموں وکشمیر کے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کی تھی۔