کراچی (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور داؤدی بوہرہ جماعت کے سربراہ مفضل سیف الدین کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
برہانی محل میں وزیر داخلہ نے داؤدی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین اور ان کے صاحبزادے حسین برہان الدین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ داؤدی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔
اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔دریں اثنا انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا۔