کراچی(صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن میں 24 سال میں پہلی بار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین ملازمین کو ایمپلائی آف دی منتھ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں تقریب گلشن ٹاؤن کے دفتر میں ہوئی جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی .
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر راشد فیاض۔ اسکول کی ہیڈ مسٹریس یاسمین ضیا اور پارکس ڈیپارٹمنٹ کے کارکن عبد القدوس شامل ہیں جنہیں گلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے خصوصی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ گلشن ٹاون کو مثالی اور منفرد ٹاون بنانے میں ملازمین کا اہم کردار ہے ۔ گلشن ٹاون سندھ بھر میں پہلا ٹاون ہے جس نے ملازمین کے لئے گروپ انشورنس اور میڈیکل کی مکمل سہولیات کا انتظام کیا ۔ملازمین کی مدد سے ہی گلشن اقبال کے 14 پارکس بحال کیے۔ ان میں سے چار پارکس ایسے بھی تھے جو کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکے تھے ۔نشے کے عادی افراد نے ان پارکس کو پناہ گاہ بنا رکھا تھا ۔ خواتین اور فیملیز نے ان پارکس میں انا چھوڑ دیا تھا ۔ڈاکٹر فواد نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی ٹیکس دینے والے شہریوں کا حق ہے ۔