کراچی(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے ، سندھ کا زرعی شعبہ 70 فیصد آبادی کو روزگار مہیا کرتا ہے، صوبے کی دیہی آبادی کو غربت سے نکالنے کے لئے زرعی شعبے کو جدید بنانا ہوگا۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت مختلف محکموں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022 میں سیلاب نے صوبے کی زراعت کو نقصان پہنچایا، 4، 4 لاکھ ایکڑز اراضی متاثر ہوئی جس کی بحالی کے لیے اقدامات کئے گئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے، سندھ میں خریف سیزن میں مئی سے جولائی تک مختلف فصلیں اگائی جاتی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماڈرن فارمنگ کی طرف جانا ہوگا جس کے لیے محکمہ زراعت کام کرے، سندھ میں چاول کی فی ایکڑ پیداوار 30 من ہے، پڑوسی ممالک میں 40 من ہے، ایک تو موسمی تبدیلیوں کا مسئلہ ہے دوسرا پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت نئی فصلوں کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے، محکمہ زراعت اپنی ریسرچ ونگ کو بھی متحرک کرے، ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کو تحقیق کے شعبے میں مزید بہتر کام کرنا ہو گا۔مراد علی شاہ نے جانوروں کے 3 اسپتالوں کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک سے تفصیلات مانگتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد اور خیرپور میں بھی جانوروں کے اسپتالوں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔