گلشن اقبال ٹاؤن میں پری مون سون شجر کاری مہم کا آغاز


کراچی (صباح نیوز)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے گلشن اقبال بلاک 4 اے (صحافی کالونی)میں معروف صحافی احمد سعید قریشی مرحوم کے نام سے موسوم پارک میں پودا لگا کر پری مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے پندرہ جولائی سے مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا اور تین سال میں ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے شجر کاری ضروری ہے ، ہر شہری ایک پودا لگائے اور اس کی حفاظت کرے تو ماحول کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے پارک میں لگائے گئے پودوں کی حفاظت کرنا اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنا اہل محلہ کی  ذمہ داری ہے ۔

ٹاؤن چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کی ہدایت پر اس پارک میں درجنوں نئے درخت لگائے گئے ہیں جن میں گل مہر، طیبوبیہ، املتاس، سکھ چین، نیم، بکائن، زیتون، افریکن ٹیولپ، جامن وغیرہ شامل ہیںجبکہ کیشیا گلوکا، ٹیکوما اور کامنی جیسی جھاڑیاں اور المنڈا بیل بھی لگائی گئی ہیں،اس پارک کو پودوں کی فراہمی میں دعا فاؤنڈیشن اور سرکل فاؤنڈیشن نے بھی تعاون کیا ۔