لکھاری عام افراد نہیں ہوتے ان کا ویژن بہت الگ ہوتا ہے۔ عشرت زاہد

کراچی (صباح نیوز)لکھاری عام افراد نہیں ہوتے ان کا ویژن بہت الگ ہوتا ہے لکھاری کسی بھی واقعہ کی الفاظ سے تصویر بناتا،جس طرح کھانا پینا رزق ہے اسی طرح الفاظ بھی رزق ہیں،اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین شعبہ حریم ادب کراچی کی نگراں عشرت زاہد نے ضلع ایئرپورٹ کی ادبی نشست میں تحریروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے شعبہ حریم ادب ضلع ایئرپورٹ کے تحت ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں نئے اور پرانے لکھاریوں نے شرکت کی اور اپنی تحاریر شرکاء کو پڑھ کر سنائیں۔نشست میں نگراں حریم ادب کراچی عشرت زاہد، معروف رائٹر شہلا خضر اور سینیئر رائٹر و شاعرہ طاہرہ فاروقی نے بھی شرکت کی  اور تحریروں کی  اصلاح کی۔نشست میں نائب ناظمہ ضلع ائیر پورٹ ھاجرہ عرفان اور معتمدہ ضلع حمیرا اشرف نے بھی شرکت کی۔#