کراچی(صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت جمعہ کو ادارہ نورحق میں کونسل کے صوبائی سکریٹری جنرل علامہ قاضی احمد نورانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ماہ محرم میں امن وامان کی صورتحال،لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ،مذہبی رواداری و ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں امیرجماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، نائب امیر کراچی مسلم پرویز، شیعہ علماء کونسل کے مولانا ملک غلام عباس، ملی مسلم لیگ کے ثقلین اسحاق ، محمد فاروق و دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ ماہ محرم الحرام حسب معمول مذہبی رواداری و ہم آہنگی سے منایا جائے گا۔
اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں تمام مذہبی طبقات سے گزارش کی گئی کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھیں ،جلوس کے اوقات کار کو منظم طریقے سے مقرر کیا جائے ، علمائے کرام اشتعال انگیزی سے پرہیز کریں ، سوشل میڈیا کی سختی سے نگرانی کی جائے اور انتشار پھیلانے والی پوسٹوں پر پابندی لگائی جائے ، کسی بھی سطح پر انتشار پھیلانے والے پوسٹروں ، نعروں، اشتہارات اورتقاریر کو روکا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی واعظ ،مقرر ، ذاکر اشارة و کنایة ایسی گفتگو نہ کرے جس سے دوسرے فرقے کی دل آزاری ہو۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ محرم الحرام میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے ،سیکورٹی کے نام پر موبائل سروس بندنہ کی جائے ، ڈبل سواری پر پابندی نہ لگائی جائے ۔#