کراچی(صباح نیوز)الخدمت کے گلشن معمار میں قائم ” آغوش ہوم ” میں مقیم باہمت بچوں کے لیے سالانہ پکنک کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں کو گڈاپ میں واقع وائلڈ وینچر واٹرپارک لے جایا گیا ،جہاں بچوں نے سلائیڈز اور سوئمنگ پولز سے خوب لطف اٹھایا۔ بچوں کی رہنما ئی کے لیے الخدمت آغوش ہوم کے منیجرمصعب بن عبدالقادر ،عملہ اور دیگر ذمہ دارن موجود تھے۔ اس موقع پر بچوں کی کھانے اور ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی۔ بچوں نے واٹرپارک سے کچرا بھی اٹھایا اور اسے ڈسٹ بن میں ڈال کر وہاں آنے والے دیگر لوگوں کو پیغام دیا کہ تفریح کے ساتھ صحت مند ماحول کے لیے صفائی انتہائی ضروری ہے۔ الخدمت کی جانب سے ان بچوں کو پکنک سے لطف اندوز ہونے کا پھرپور موقع فراہم کیا ۔
ایگز یکزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ آغوش ہوم میں مقیم بچے باہمت بچے ہیں ،یہ ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ہم ان کی تعلیم ،تربیت اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔انہیں آغوش ہوم میں ایک گھر کی طرح کا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان بچوں کی پکنک کا اہتمام اسی مقصد کے تحت کیا جاتا ہے کہ باپ کے نہ ہونے کی وجہ سے یہ بچے احساس محرومی کا شکار نہ ہوںاور انہیں یہ احساس رہے کہ وہ بھی عام بچوں کی طرح سیر وتفریخ کر سکتے ہیں اوروہ تنہا نہیں۔انہوں نے کہا کہ پکنک سے بچوں کے چہروں پر جو مسرت نمایاں ہے یہ الخدمت کے لیے طمانیت اور خوشی کا باعث ہے۔ راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت ان بچوں کے کھیلوں کے مقابلوں ،خصوصی قومی ایام اورتعلیمی مطالعاتی دوروں کا بھی اہتمام کرتی ہے جو ان کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں ۔