کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آج ملک میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بجلی،گیس، پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کا سانس لینا بھی مشکل ہوچکا تو دوسری طرف آئی ایم ایف کی گٹھ جوڑ سے عوام دشمن بجٹ میں ہر چیز پر بے تحاشہ ٹیکسز لگاکر حکمرانوں نے اپنی بے حسی اور عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔اسلئے جماعت اسلامی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 12جولائی کو اسلام آباد میں مہنگائی،بجلی اور گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف عظیم الشان دھرنا دیا جائے گا جس میں پورے ملک سے کارکنان پہنچے گے اور10,11,12جولائی کو ملک کے تمام بڑے شہروں میں کیمپ لگائیں جائیں گے جس کے ذریعے عوام سے بڑے پیمانے پر رابطہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ موجودہ جعلی حکمران اپنی تمام تر ذمہ داریاں ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،شدید ترین گرمی میں بجلی وافر مقدار میں ہونے کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کا گھروں میں رہنا محال ہوچکا ہے، بچے،خواتین اور بزرگ شدید کرب میں مبتلا ہوچکے ہیں۔جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام الناس ظلم کے اس نظام اور ظالمانہ ٹیکسوں،بھاری بلوں،بدترین مہنگائی سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہم حکمرانوں کو بتاسکیں کہ اب جھوٹ،منافقت اور ظلم کا یہ نظام مزید نہیں چل سکتا ۔ان شااللہ ہم اس حکومت کو عوامی طاقت کے بل بوتے پر مجبور کریں گے کہ وہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات کے بغیر موجودہ نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔