کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں کراچی تا کشمور سندھ میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پراپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی ،لاقانویت ،اغوا برائے تاوان سے سندھ کے عوام تنگ آچکے ہیں، قبائلی تصادم ایک ناسور جس کی وجہ سے بدامنی میں اضافہ اور معمول کی زندگی عذاب بن چکی ہے، کچے کے علاقے میں ڈاکووں نے اپنی پناہ گاہیں بنائی ہوئی ہیں جہاں ملک بھر سے تاجروں، ہندوبرادری کی خواتین ومردوں کو لاکر ان کی وڈیوز وائرل کرکے بڑی بڑی رقوم تاوان کے طور پر طلب کی جاتی ہیں، ظالم سردار، پولیس اور انتظامیہ ان کی سہولتکاری کاکام کرتی ہے۔شہروں خوصاًکراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوچکا ہے صرف کراچی میں گذشتہ چند ماہ کے دوران 80سے زائد افراد ڈاکووں سے مزاحمت پر قتل ہوچکے ہیں باقی ہر شہر کی الگ ایک داستان ہے۔
معصوم بچیوں پریا کماری،فضیلہ ا سرکی کو اغوا اور صحافی جان محمد مہر، نصراللہ گڈانی کو قتل کرکے سندھ کو صحافیوں کیلئے مقتل گاہ بنادیا گیا ہے بچیوں کو بازیاب اورصحافیوں کے قاتلوں کو گرفتارنہیں کیا جسکا ہے۔ اسلئے جرائم پیشہ افراد اور ان کی سہولتکاری کا کردار ادا کرنے والے تمام کرداروں کیخلاف بلا تفریق اور نتیجہ خیز بھرپور آپریشن کرکے سندھ کا امن بحال کیا جائے تاکہ سندھ کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ ڈی جی رینجرز نے صوبائی امیر کو یقین دلایا کہ رینجرز پولیس کے ساتھ ملکر سندھ میں قیام امن وشہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اورآئندہ بھی کرے گی۔ کچے میں ایسے 34پولیس تھانے تھے جو ویران تھے ان کو ازسر نو بحال کرکے پولیس کو متعین کیا ہے جبکہ کئی معصوم جانوں کو بچایا گیاہے۔