لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر فوجی محاصرے کو پونے تین سال ہوچکے ہیں، مگر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ جنوری کے مہینے میں 22کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت کا 600 سے زائد کشمیریوں کو صنعتی پلاٹ خالی کرنے کا نوٹس انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منائے گی۔ لاہور سمیت پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن میں جماعت اسلامی کے مرکزی ، صوبائی ، ضلعی اور مقامی ذمہ داران شرکت کریںگے۔ ہندوستان نے 74برسوں میں مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ایک طرف اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکا ہے تو دوسری جانب انسانی حقوق کے علمبردار ممالک بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جب تک بھارت کا ظلم و ستم جاری رہے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام قربانیاں دیتے رہیں گے اورپاکستان کے 22کروڑ عوام اپنے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیںگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا بھر میں موجود سفارتخانوں کو خصوصی ٹاسک دے ۔ محض خانہ پوری سے کام نہ لیا جائے۔ 80لاکھ کشمیری پاکستان سے محبت کی پاداش میں بھارت کی 8لاکھ فوج کے مظالم برداشت کررہے ہیں۔ ان کی آواز کو ہر سطح پر اٹھا نا حکومت پاکستان کا فرض ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مودی سرکار کا جنگی جنون بڑھتا چلا جارہا ہے۔ دفاعی بجٹ میں 9.82فیصد تک اضافہ تشویش کا باعث ہے۔ اس سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہوگا۔ عالمی برادری نوٹس لے۔