سندھ کی بدحالی سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،رخشندہ منیب

جیکب آباد(صباح نیوز)سندھ کی بدحالی سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،نام نہاد منتخب نمائندوں کے پاس عوام کے مسائل کا کو ئی حل نہی وہ صرف اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگی عذاب بنادی ہے۔300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کرنے والوں  نے بجلی کی قیمتوں میں 355 فیصد اضافہ کردیا ہے۔کرپٹ اور بے ایمان حکمرانوں کی شاہ خرچیوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے جیکب آباد میں ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اس وقت ڈکیتی اور سنگین جرائم پورے صوبے کا سب سے بڑا مسئلے بنے ہوئے ہیں۔ جرائم پر قابو پانے میں حکومت، انتظامیہ اور پولیس ناکام ہیں۔شہرمیں دن دہاڑے ڈاکووں کا گھروں میں داخل ہوکراہل خانہ کویرغمال بنانے کے بعد دیدہ دلیری کے ساتھ لوٹ مارکرکے فرارہوجانا بدامنی کی انتہا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کا بنیادی فریضہ ہے لیکن پولیس، انتظامیہ اور حکومت صوبے کے دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں ناکام ہے یہاں تک کہ تھوڑی سی مزاحمت میں کئی نوجوان شہری قتل کردیے گئے ہیں۔ناظمہ صوبہ نے کہا کہ  ملک کی واحد عوامی جماعت جماعت اسلامی ہے جو عوام سے مخلص ہے اور مسلسل اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔