کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شدید گرمی اورہیٹ ویوز کے باوجود شہر میں پانی کے بحران اور بدترین لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی نا اہلی و ناکامی قرار دیا اور کہا ہے کہ ہیٹ ویوز کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حکومت نے اس سے بچائو اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ، حکومت کی نااہلی و ناکامی اور بدترین لوڈشیڈنگ نے ہیٹ ویوز کو عوام کے لیے دوہرا عذاب بنا دیا ہے ،صرف چند روز میں سینکڑوں افرادکی اموات انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہیں اور ان میں سے زیادہ تر اموات ان علاقوں میں واقع ہوئی ہیں جہاں کے الیکٹرک نے طویل لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے ۔
اپنے بیا ن میں منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل کراچی کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے بدھ 26جون کو شام 5بجے شاہراہ فیصل (بالمقابل واٹر بورڈ ہیڈ آفس) پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا ۔
منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ اس وقت کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کی یومیہ ضرورت 1300ایم ڈی جی ہے لیکن آج کراچی میں یومیہ 650ملین گیلن پانی آرہا ہے جس میں کئی ملین گیلن پانی لائنیں درست نہ ہونے کے باعث ضایع ہوجاتا اور اس میں بھی غیر منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے،اگلے 3سال تک بھی ممکن نہیں ہے کہ شہریوں کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق پانی مہیاہوسکے۔ایک جانب شہریوں کو نلکوں میں پانی میسر نہیں ہے دوسری جانب ٹینکروں کے ذریعے مہنگے داموں پانی فروخت کیا جارہا ہے۔پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہر بھر میں عوام سراپااحتجاج ہیں۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے 2004میں کے فور منصوبہ پیش کیا تھاجسے 2019میں مکمل ہونا تھالیکن آج تک مکمل نہیں ہوسکا، ہر سال وفاق کی جانب سے کے فور منصوبے کے لیے بجٹ مختص کیا جاتا ہے لیکن وہ کرپشن کی نذر ہوجاتاہے۔
منعم ظفر خان نے ہیٹ ویوز سے اموات اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور نیپرا سے استفسار کیا کہ کیا کے الیکٹرک کسی کو جواب دہ ہے ؟ ایک طرف بدترین لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اوردوسری جانب بھاری بھر کم بل اور ٹیکسوں کی بھر مار ، ایک نجی کمپنی کو کراچی میں اس قدر کھلی چھوٹ کیوں حاصل ہے ؟ کے الیکٹرک کی نج کاری میں شریک حکومتی پارٹیاں بھی اہل کراچی کو جواب دیں کہ اس نج کاری سے کراچی کے عوام کو کیا ملا ؟ منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور ظلم کے خلاف اہل کراچی کی ترجمانی کی ہے ۔ بجلی ، پانی سمیت عوام کے دیگر مسائل کے حل کی بھر پور جدو جہد کی ہے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے ایک موثر اور توانا آواز اُٹھائی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رکھے گی ۔