چکوال ،اٹک (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بجٹ میں چھپے ٹیکس عوام سے جینے کا حق چھین لیں گے، آئی ایم ایف کے پے رول پر منشیوں نے بجٹ قوم پر مسلط کر دیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے تلہ گنگ، چکوال اور مہلوانی اٹک میں بجلی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بحران کے خلاف احتجاجی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پی ڈی ایم ٹو دوسری مرتبہ غریب عوام کے لئے عذاب اور موت کا پروانہ بن گئی ہے۔ قومی بجٹ جھوٹ اور صرف جھوٹ ہے۔ تنخواہ دار طبقہ، دیہاڑی پر مزدوری کرنے والے انسان زندہ درگور ہو رہے ہیں۔ قومی بجٹ میں زراعت اور مزدور کے لئے کوئی ریلیف نہیں۔ بجٹ میں چھپے ٹیکس عوام سے جینے کا حق چھین لیں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پے رول پر منشیوں نے بجٹ قوم پر مسلط کر دیا ہے۔ حکمران اور بااختیار اشرافیہ اپنی عیاشیاں اور مفت خوری ترک کرنے کے لئے تیار نہیں اور اپنی عیاشیوں کے لئے عوام کا خون چوسا جا رہا ہے۔ عوام بیدار ہیں اب عوام حکمرانوں سے حساب لیں گے یہ نہیں ہو سکتا کہ 95فیصد عوام کمائیں اور پانچ فیصد اشرافیہ عوام کے خون پسینے کی کمائی پر عیاسی کریں۔ عوام بھیس بدل کر ڈرامہ بازی کرنے والے نااہل حکمرانوں کو بھوت بنائیں گے۔ اس موقع پر راجہ عارف سلطان نائب امیر کراچی، امیر ضلع اٹک سردار امجد خان، امیر ضلع چکوال محمد احسن اور امیر ضلع تلہ گنگ ملک پروفیسر طاہر اور جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالستار، ملک افتخار اعوان، ملک محمود اعوان موجود تھے۔