اسلام آباد(صباح نیوز)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتراضلاع اور آزاد کشمیر میں 19 تا 22 جون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے انتظامیہ کو موسمی صورت حال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد،پنجاب،سندھ ،خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 18 جون کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 19 سے 22 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں۔جنوبی پنجاب میں 20 سے 22 جون کے دوران بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عیدالاضحی کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں۔