وفاقی بجٹ عوام دشمن اورآئی ایم ایف غلامی کی دستاویز ہے جس سے مہنگائی کا نیاطوفان آئے گا،محمد حسین محنتی کا وفاقی بجٹ پر تبصرہ


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا  ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی کے دستاویز کو بجٹ کا نام دیدیا گیا ہے جس میں سرکاری ملازمین سمیت عوام کو دن میں تارے دکھادیئے گئے ہین، کتابیں، کاپیوں اور پینسل پر بھی ٹیکس نافذ کرکے علم اور کتابوں سے دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے۔

صوبائی امیر نے  وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ عوام دشمن اور مہنگائی کا نیاطوفان لائے گا، بلاشبہ ٹیکسوں سے ہی حکومتی اخراجات پورے ہوتے ہیں  لیکن عوام کو بنیادی سہولیات بھی دینا ہوتی ہیں،تمام بوجھ پہلے ہی پسے ہوئے عوام پر ڈال دینا کہاں کا انصاف ہے۔ظالم حکمرانون کا بس چلے تو یہ ہوااور لوگوں کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیں۔ ملک میں فرسودہ اور بدبودار سودی نظام غریبوں کا خون چوس کر طاقتور لوگوں کو مزید طاقت دے دیتا ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ سود اورآئی ایم ایف کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے سوا ملک کی قسمت تبدیل نہیں ہوسکتی،ملکی آمدن کا بڑا حصہ صرف سود کی ادائیگی پر خرچ ہوجاتا ہے جو ہمارے لئے بہت بڑا المیہ ہے۔